اسلام آباد(سی پی پی) رواں مالی سال2017-18 کے ابتدائی سات ماہ کے دوران نان ٹیکسٹائل گروپ کی قومی برآمدات میں17.3فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان(پی بی ایس)کے اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا جنوری2017-18 کے دوران نان ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات5.23 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔ پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران
نان ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات کا حجم 4.46 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا ۔اسی طرح جاری مالی سال میں ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات بھی7.21 ارب ڈالر کے مقابلہ میں7.73 ارب ڈالر تک بڑھی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق غذائی مصنوعات کی برآمدات بھی18.8 فیصد کے اضافہ سے 2.39ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اسی طرح رواں مالی سال کے پہلے سات مہینوں کے دوران 226.95 ملین ڈالر مالیت کی چینی بھی برآمد کی گئی ہے جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران چینی برآمد نہیں کی جاسکی تھی۔