اسلام آباد(سی پی پی) اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(او آئی سی سی آئی)نے آئندہ مالی سال 2018-19 کی بجٹ تجاویز تیار کی ہیں۔ او آئی سی سی آئی نے آئندہ مالی سال کیلئے ڈیری شعبہ کیلئے زیرو ریٹنگ، کاربالک ایسڈ و سوڈا واٹر پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح کو 11.5 فیصد سے 8.5 فیصد تک کم کرنے، مقامی سطح پر تیار کی جانے والی ادویات پر زیرو ریٹنگ سمیت آئی ٹی نیٹ ورکنگ کے آلات پر سیلز ٹیکس اور کسٹمز ڈیوٹی کی شرح کو کم کرنے کی تجویز دی ہے۔
مختلف شعبوں کے حوالے سے مرتب کی گئی بجٹ تجاویز کے حوالے سے او آئی سی سی آئی نے وزارت خزانہ کو تجویز پیش کی ہے کہ آٹوموبائلز کے شعبہ کے ٹیکسز میں کمی، بینکنگ اور لیزنگ کے شبعہ کے حوالے سے زرمبادلہ کے درست استعمال، پی وی سی اور پی ٹی اے کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے مراعات میں اضافہ کی تجاویز پیش کی ہیں۔ اس کے علاوہ ادویہ سازی اور زرعی شعبہ سمیت ڈیری کے شعبہ پر ٹیکسز کی شرح کو بھی کم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے اور حکومتی آمدنی میں اضافہ کے حوالے سے او آئی سی سی آئی نے ٹیکس کے دائرہ کار میں اضافہ اور ٹیکس دہندگان کو مراعات کی فراہمی کی بھی تجویز پیش کی ہے۔رپورٹ کے مطابق چیمبر نے قومی برآمدات کے فروغ اور درآمدات میں کمی کے ذریعے تجارتی خسارہ کو کم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔