اسلام آباد(سی پی پی) گذشتہ مالی سال 2016-17 کے دوران مجموعی قومی برآمدات میں زرعی شعبہ کا حصہ 57 فیصد رہا ہے۔ پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر یوسف ظفر نے کہا ہے کہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی)میں زرعی شعبہ کا حصہ گذشتہ مالی سال کے دوران 19.8 فیصد رہا ہے جس میں لائیو سٹاک کے شعبہ کا حصہ 58 فیصد جبکہ کراپ سیکٹر کا حصہ 40 فیصد اور جنگلات اور ماہی گیری کے شعبوں کا حصہ ایک ایک فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں گندم، چاول، چینی، مکئی اور آلوں کی پیداوار ملکی ضروریات سے بڑھ چکی ہے اور ملک میں وافر ذخیرہ موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ مالی سال کے دوران ملک کی گندم کی پیداوار 25 ملین ٹن، چاول کی پیداوار 6.85 ملین ٹن، چینی کی پیداوار 5.6 ملین ٹن، مکئی کی پیداوار 6.13 ملین ٹن اور آلو کی پیداوار 3.8 ملین ٹن رہی ہے۔ چیئرمین پی اے آر سی نے کہا کہ پاکستان کے زرعی شعبہ کی کارکردگی میں اضافہ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جس کیلئے کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی کے مناسب استعمال اور عالمی معیار کے نتائج کے حصول کے حوالے سے تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔