اسلام آباد (سی پی پی)پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن(پی ٹی ای اے )نے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس کی سہولت کوجاری رکھنے کے حوالہ سے یورپی پارلیمان کی انٹرنیشنل ٹریڈ کمیٹی کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ پی ٹی ای اے کے چیئرمین شائق جاوید نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یورپی پارلیمنٹ کی کمیٹی کا فیصلہ ٹیکسٹائل کے برآمدکنندگان اور قومی معیشت کیلئے بہتر ثابت ہوگا۔
انہوں نے گورننس کی بہتری اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حوالہ سے کئے جانے والے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس کی سہولت کو جاری رکھنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کا کہ اس فیصلہ سے پاکستان عالمی تجارت میں اپنا حصہ ڈال سکے گا اور بین الاقوامی اقتصادی سرگرمیوں میں بھرپورحصہ لے سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی ایس پی پلس کی سہولت کے بعد یورپی ممالک کو کی جانے والی قومی برآمدات سال2013 میں 4.54ارب یورو تھیں جو6.29 ارب یورو تک بڑھ چکی ہیں۔