پشاور(این این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر پارلیمنٹ کو عدلیہ کیخلاف استعمال کیا گیا تو پوری قوم کو عدلیہ کیلئے سڑکوں پر لاؤں گا،نواز شریف مسلسل عدلیہ کی توہین کر رہا ہے ،سپریم کورٹ کو نوٹس لینا چاہئے ،عدالتوں نے نواز شریف کو صفائی کا جتنا موقع دیا اتنا پاکستان میں کسی اور کو نہیں دیا،نواز شریف کو خدشہ ہے کہ سپریم کورٹ اور احتساب عدالت کا فیصلہ ان کیخلاف آئیگا۔سینٹ کیلئے تحریک انصاف خیبر پختونخوا سے چھ امیدوار کھڑے کئے ہیں ،
ہمارے سارے امیدوار الیکشن جیتیں گے۔اگر ہمارا کوئی رکن اسمبلی الیکشن میں بکا تو اس کے گھر کے باہر دھرنا دیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور میں قیوم سپورٹس کمپلیکس میں نئی پویلین کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی وزراء شاہ فرمان ،محمود خان، عاطف خان ،مشتاق غنی و اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔عمران خان نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ کو عدلیہ کیخلاف استعمال کیا گیا تو پوری قوم کو عدلیہ کیلئے سڑکوں پر لاؤں گا۔انھوں نے کہا کہ نواز شریف خود کو بچانے کیلئے پارلیمنٹ کا استعمال کر رہا ہے 1997میں نواز شریف نے سپریم کورٹ پر ڈنڈوں سے حملہ کیا ، ن لیگ کی تاریخ ہے کہ انھوں نے ہمیشہ عدلیہ کو زیر کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے ۔انھوں نے کہا کہ میں نے صوبے کا سرکاری ہیلی کاپٹر کبھی اپنے لئے استعمال نہیں کیا۔اگر کبھی کیا بھی ہوگا تو منی ہائیڈل منصوبوں اور بلین ٹری سونامی پراجیکٹس کی نگرانی کیلئے استعمال کیا ہو گا۔انھوں نے کہا کہ آج بھی تحریک انصاف پارٹی کے خرچے پرہیلی کاپٹر پر پشاور آیا ہوں۔نتھیا گلی میں اپنی رہائش پر ہونیوالے اخراجات کی ایک ایک پائی خود ادا کی ہے ۔انھوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے ہیلی کاپٹر کے حوالے سے تحقیقات کو خوش آئند سمجھتا ہوں۔نیب کو چاہئے کہ شریف برادران کی جانب سے پنجاب کے سرکاری ہیلی کاپٹرز کے استعمال کی بھی تحقیقات کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے پنجاب کے سرکاری ہیلی کاپٹر کو ٹیکسی کی طرح استعمال کیا ہے ۔سینٹ انتخابات کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم نے سینٹ میں چھ امیدوار کھڑے کئے ہیں جو سب جیتیں گے ۔مجھ ایک امیدوار کے بدلے پارٹی فنڈ کے نام پر چالیس کروڑ روپے کی آفر ہوئی ،اگر ہمارا کوئی رکن اسمبلی بکا تو اس کے گھر کے باہردھرنا دیا جائیگا،پارٹی کارکنان نے فیصلہ کیا ہے کہ بکنے والے رکن اسمبلی کے گھر کے باہر دھرنا دینگے، ان کا کہنا تھا
کہ تمام اراکین اسمبلی سینٹ انتخابات میں پارٹی کیساتھ کھڑے ہیں۔انھوں نے کہا کہ حکومت میں آکر سینٹ انتخابات کا طریقہ بدلیں گے ۔قبل ازیں عمران خان نے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم پشاور کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کیلئے کام کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی سرزمین باصلاحیت نوجوانوں کا خطہ ہے،یہاں جتنا ٹیلنٹ موجود ہے شاید اس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی،یہاں پر انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے سٹیڈیم کی تعمیر کے بعد یہاں کے کرکٹرز کیلئے آگے جانے کے مزید مواقع میسر ہونگے
جبکہ پشاور میں بین الاقوامی کرکٹ میچز کا انعقاد بھی ممکن ہو سکے گا۔انھوں نے کہا کہ ارباب نیاز سٹیڈیم میں 36ہزار سے زائد تماشائیوں کے بیٹھنے کی جگہ ہو گی جبکہ بہترین کرکٹ اکیڈمی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہاسٹل ،میڈیا گیلری،ڈریسنگ رومز سمیت کئی دیگرجدید سہولیات بھی یہاں میسر ہونگی ،گراؤنڈ میں فلڈ لائٹس بھی لگائی جائینگی۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم اور صحت کیساتھ ساتھ کھیلوں کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے جس کیلئے پالیسی تیار کر لی گئی ہے ،اس پالیسی کے تحت صوبہ بھر میں 100گراؤنڈ تعمیر کرائے گئے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے ۔