اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)کوٹ لکھپت جیل میں زینب قتل کیس کی سماعت جاری ہے ۔ زینب قتل کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت میں جسٹس سجاد احمد کر رہے ہیں۔ زینب کے والد محمد امین انصاری نے عدالت میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زینب قتل کیس میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی وجہ سے ٹرائل جلد مکمل ہوا ۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیریل کلر عمران کو ایسی سزا دی جائےتاکہ دوبارہ کوئی ایسی حرکت نہ کرے اس موقع پر
محمد امین انصاری نے سیریل کلر عمران کو سنگسار کرنے کا مطالبہ کیا۔ زینب کی والدہ بھی اس موقع پر عدالت میں موجود تھیں ان کا کہنا تھا کہ سیریل کلر عمران کو سر عام پھانسی دی جائے میری بیٹی کے قاتل کو اس کوڑے کے ڈھیر پر پھانسی دی جائے جہاں سے میری بیٹی کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ اس موقع پر زینب کی والدہ نے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم دوبارہ احتجاج کریں گے۔خیال رہے کہ زینب قتل کیس کا محفوظ فیصلہ کچھ دیر میں سنایا جانا ہے۔