اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے حوثی ملیشیاء کی جانب سے سعودی علاقہ خمس پر میزائل حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قانون کے منافی قرار دیا ہے۔ بدھ کو جاری بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے 5 فروری کو حوثی ملیشیاء کی جانب سے سعودی عرب کے شہری علاقہ خمس پر میزائل حملہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی ایئر ڈیفنس کے بروقت اقدام سے شہری آبادی
کو بڑے نقصانات سے بچا لیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ غیر مسلح شہری آباد کو نشانہ بنانے کی غرض سے اس قسم کے حملے بین الاقوامی قانون کی خلاوف ورزی اور قابل مذمت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ حملے سعودی عرب اور مقدس مقامات کیلئے خطرہ ہیں۔ پاکستان سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعادہ اور برادر ملک سعودی عرب کی خود مختاری و علاقائی سالمیت اور مقدس مقامات کی مکمل حمایت کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔