نیویارک (این این آئی)ہدایتکار جیمز کیمرون کی بلاک بسٹر فلم ٹائیٹنک کو اب بیس سال ہوگئے اور اتنے عرصے بعد کسی اور ہولی وڈ فلم نے اس کا ریکارڈ برابر کردیا ہے جو کہ حیران کن ہے۔اور یہ فلم ہے سابق ریسلر ڈیوائن جونسن المعروف دی راک کی ’’جمان جی : ویلکم ٹو دی جنگل‘‘۔جی ہاں گزشتہ سات ہفتوں کے دوران چوتھی بار اس فلم نے ویک اینڈ کے دوران ٹاپ پر رہنے کا اعزاز حاصل کیا۔
بیس سال قبل ٹائیٹنک کی ریلیز کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ دسمبر میں ریلیز ہونے والی فلم نے فروری کے کسی ہفتے کے دوران باکس آفس پر سب سے زیادہ کمائی کی ہو اور اس طرح دی راک نے ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔اس فلم نے جمعہ دو فروری سے اتوار چار فروری کے دوران ایک کروڑ دس لاکھ ڈالرز کمائے اور اس طرح شمالی امریکا میں 352 ملین جبکہ مجموعی طور پر 85 کروڑ ڈالرز اب تک کمالیے ہیں۔یہ دی راک کی پہلی فلم ثابت ہونے والی ہے جس نے شمالی امریکا میں سب سے زیادہ بزنس کیا ہے، ابھی یہ ریکارڈ فاسٹ سیون (353 ملین ڈالرز) کے پاس ہے اور اب تک یہ باکس آفس پر انسیپشن (822 ملین ڈالرز) کو پیچھے چھوڑ چکی ہے۔اس فلم کے حصے میں اب تک کی سب سے زیادہ کمانے والی ویڈیو گیم پر مبنی فلم کا اعزاز بھی آچکا ہے۔یہ سونی اسٹوڈیو کی سب سے زیادہ کمانے والی چوتھی فلم بھی ہے، جس سے آگے اسپائیڈر مین ہوم کمنگ (880 ملین)، اسپیکٹر (881 ملین) اور اسکائی فال (1.1 ارب ڈالرز) ہیں۔