جے پور (این این آئی) فلم پدماوت پر چھائے گہرے بادل چھٹ گئے اور ہندو انتہا پسند تنظیموں نے فلم کیخلاف جاری احتجاج ختم کرنے اور پابندی کے مطالبے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کرنی سینا ممبئی کے سربراہ یوگیندرا سنگھ کٹر کا کہنا ہے کہ ہماری تنظیم کے نیشنل پریذیڈنٹ سکھ دیو سنگھ گوگامیدی سمیت جماعت کے چند لوگوں نے گزشتہ روز فلم دیکھی اور اسکے بعد ان لوگوں کا مؤقف بالکل تبدیل ہو گیا ۔
کیونکہ پدماوت میں راجپوتوں کی تذلیل کرنے کے بجائے انکی قربانیوں کو دکھایا گیا ہے، جسے دیکھ کر بلاشبہ ہر راجپوت فخر محسوس کریگا لہٰذا گوگا میدی کی ہدایت پر ہی فلم کیخلاف جاری احتجاج کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یوگیندرا سنگھ کا مزید کہنا ہے کہ فلم دیکھنے کے بعد ہمیں معلوم ہوا کہ دہلی سلطنت کے سلطان علاؤالدین خلجی اور میواڑ کی رانی پدمنی کے درمیان ایسا کوئی سین فلمایا نہیں گیا جس سے راجپوتوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچے۔ واضح رہے چار ریاستوں میں ابھی بھی فلم پر پابندی عائد ہے لیکن امید کی جارہی ہے کہ اب ان ریاستوں میں بھی فلم پرعائد پابندی اٹھالی جائیگی۔