قصور (مانیٹرنگ ڈیسک) قصور میں 8 سالہ بچی سے زیادتی کی مبینہ کوشش کی گئی، شہریوں نے مبینہ ملزم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔تفصیلات کے مطابق واقعہ ضلع قصور کے علاقے کوٹ رادھا کشن میں پیش آیا۔ مظاہرین نے دیر سے پہنچنے پر پولیس کے خلاف بھی احتجاج کیا اور پولیس وین کے شیشے توڑ دئیے۔پولیس کے مطابق ملزم کو زخمی حالت میں تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے موقع پرسامنے آیا ہے جب کچھ روز قبل قصور سے 7 سالہ بچی زینب کی لاش برآمد ہوئی جسے زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کیا گیا تھا۔زینب کے قتل کے بعد ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور قصور میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے جس کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔بعدازاں چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا تاہم 16 جنوری کو سماعت کے دوران چیف جسٹس سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کو واقعے پر سماعت سے روکتے ہوئے ریمارکس دیئے تھے کہ ہائیکورٹ کے پاس ازخود نوٹس کا اختیار نہیں لہٰذا لاہور ہائیکورٹ میں مقدمے کی سماعت روک رہے ہیں۔مذکورہ کیس کی 21 جنوری کو ہونے والی گذشتہ سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے زینب قتل کیس میں پولیس تفتیش پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کیس کی تحقیقات کے لیے تفتیشی اداروں کو 72 گھنٹوں کی مہلت دی تھی جس کے بعد 23 جنوری کو پولیس نے زینب کے قتل میں ملوث عمران کی گرفتاری کا دعویٰ کیا اور بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی تصدیق کردی کہ قصور کی رہائشی زینب سے زیادتی اور قتل میں ملوث سیریل کلر محمد عمران کو ڈی این اے ٹیسٹ کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ قصور میں 8 سالہ بچی سے زیادتی کی مبینہ کوشش کی گئی، شہریوں نے مبینہ ملزم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا