اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ختم نبوتﷺ کی شق میں ترمیم کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے غیر ملکی این جی او سے ایک ارب 40کروڑ روپے وصول کئے، ڈیل کے ضامن جہانگیر ترین بنے، زیر مملکت محسن شاہنواز رانجھا نے نیا پنڈوراباکس کھول دیا ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پارلیمانی
امور محسن شاہنواز رانجھانے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور جہانگیر ترین پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ختم نبوتﷺ قانون میں ترمیم کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے غیر ملکی این جی او سے ایک ارب 40کروڑ روپے وصول کئے ہیں جبکہ این جی او سے عمران خان کے ہونے والے ایم او یو کے ضمانتی جہانگیر ترین تھے۔ محسن رانجھا کا کہنا تھا کہ جنیوا میں اقوام متحدہ کے تحت کام کرنے والی این جی او مائنارٹی پروٹیکشن آرگنائزیشن سے عمران خان نے خطیر رقم ایک ارب 40کروڑ روپے صرف ختم نبوت قانون میں ترمیم کیلئے وصول کئے ہیں جس سے متعلق جنیوا میں این جی او کے قائم دفتر سے معلومات لی جا سکتی ہے۔ دوسری جانب محسن رانجھا کی جانب سے لگائے جانے والے سنگین الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان بیرسٹر فواد چوہدری نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نواز شریف کی طرح فارن فنڈنگ نہیں لیتے۔ انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا ختم نبوت قانون میں ترمیم کرانا تنہا عمران خان کے بس کی بات ہے اور کیا جو تبدیلی لائی گئی تھی وہ کیا تحریک انصاف نے اکیلے کی۔ ادھر دونوں جماعتوں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو چکا ہے جس پر غیر جانبدار حلقوں نے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔