کراچی (سی پی پی )کراچی پولیس نے نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار او ان کی ٹیم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں تاہم اب تک کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔ نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار اوران کی ٹیم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ان ٹیموں نے کچھ مقامات پر چھاپے بھی مارے لیکن اب تک کوئی قابل ذکرکامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔
سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار تاحال روپوش ہیں۔ وہ اور ان کی ٹیم کے اہلکاروں کے موبائل فونزبند ہیں جس کی وجہ سے جی سی بی ٹی (سیل بیسڈ ٹریکنگ) کی مدد سے ان کی موجودگی کے مقام کی نشاندہی بھی نہیں ہوپارہی۔ دوسری جانب نقیب اللہ کیس میں 4 پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے تاہم ان کی گرفتاری بھی ظاہر نہیں کی گئی، اس کے علاوہ ایس ایس پی ملیر عدیل چانڈیو نے راؤ انوار کے ساتھ کام کرنے والے 17 تھانوں کے ہیڈ محرر کو کام کرنے سے روک دیا ہے اور ان کی جگہ دیگر اہلکاروں کو ہیڈ محرر کا عارضی چارج دے دیا گیا ہے۔