اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سینیٹ اجلاس میں زینب کے قاتل کو سرعام پھانسی دینے کی تجویز پر پیپلز پارٹی دو حصو ں میں تقسیم ہوگئی ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو ہونیوالے سینیٹ اجلاس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمن ملک نے تجویز پیش کی کہ زینب کے سفاک قاتل کو سرعام پھانسی دی جائے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس حوالے سے خصوصی قانون سازی کرے جس کی مخالفت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر
نے اسے ضیاء الحق دور کے ایک کیس سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ مجرم کو جیل میں پھانسی دی جائے یا اسے کسی چوک میں لٹکایا جائے ، انہوں نے کہا کہ تاریخ سے یہ بات ثابت ہے کہ ایسی سزاؤں کا جرائم کی شرح پر کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے سینیٹر رحمن ملک کی تجویز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجرم کو سزا دینے کا مقام تبدیل کیا جاسکتا ہے اس حوالے سے آئین اور قانون موجود ہے ۔