لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف درخواست پر حکومت کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں اور تاحکم گرفتاری سے روک دیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان نے حافظ سعید کی درخواست پر سماعت کی جس میں گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
درخواست میں حافظ سعید کے وکیل اے ڈوگر نے دعویٰ کیا کہ امریکہ اور بھارت کے دباؤ پر پاکستانی حکومت درخواست گزار کے خلاف کارروائی کرنا چاہتی ہے۔ امریکہ نے پاکستان کو حافظ سعید کی گرفتاری کا کہہ بھی دیا ہے، درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ اقوام متحدہ کا وفد 28 جنوری پاکستان کو آ رہا ہے۔ حکومت امریکہ اور بھارت کو خوش کرنے کیلئے حافظ سعید کو دوبارہ گرفتار یا نظر بند کرسکتی ہے۔ وکیل نے استدعا کی کہ صوبائی حکومت کو درخواست گزار کی گرفتاری یا نظربندی سے روکا جائے۔ درخواست پر مزید کارروائی 7 مارچ کو ہوگی۔