نئی دہلی(آن لائن)بھارت میں مقیم نور جہاں کی پوتی اور اداکارہ سونیا جہاں کو پاکستان کی یاد ستانے لگی اور ان کاکہناہے کہ انہیں پاکستان ، اس کی سادگی ، وہاں کے عوام کا خلوص اوراس کی روایات بہت یادآتی ہیں۔تاج محل ، کھویا کھایا چاند اور مائی نیم از خان جیسی فلموں میں کام کرنیوالی اداکارہ سونیا جہاں کا تعلق پاکستان سے ہے مگر وہ ایک بھارتی شہری سے شادی کے بعد نئی دہلی میں مقیم ہیں۔ وہ پاکستانی فلم انڈسٹری
کے فلمساز شوکت حسین رضوی اور ملکہ ترنم نور جہاں کی پوتی ہیں جب کہ 37 سالہ سونیا کی والدہ فرانسیسی ہیں۔سونیا جہاں کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام کی سادگی، خلوص اور ثقافت کو بہت یاد کررہی ہوں کیوں وہ اپنی ثقافت پر فخر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے محسوس کیا ہے کہ بھارت میں لوگ ثقافت سے دور ہوتے جارہے ہیں اور بہت زیادہ مغربی اقدار سے متاثر ہیں اور یہی ایک وجہ ہے اپنے ملک کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ سونیا جہاں کا کہنا تھا کہ جب میں پاکستان جاتی ہوں وہاں سب شلوار قمیض پہنے ہوتے ہیں اور وہ اس ثقافت پر فخر کرتے ہیں لیکن بھارت میں لوگ بھول گئے ہیں اور اپنا ثقافتی لباس نہیں پہنتے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں رہتے ہوئے دہلی کو یاد کیا ہے کیوں کہ یہ ایک تیز رفتار شہر ہے جس میں زیادہ لوگ اور زیادہ اچھے مقامات ہیں۔سونیا جہاں شادی شدہ زندگی سے بہت خوش ہیں اور ان کے دو بچے نور اور نروانا ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ میں اپنے بچوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنا چاہتی ہوں اور کوشش کرتی ہوں کہ مصروفیات کے باوجود زیادہ سے زیادہ ان کے ساتھ گزاروں۔انہوں نے کہا کہ ان کی ترجیح ہمیشہ ہی خاندان رہی ہے اور وہ سادہ زندگی گزارنے میں خوشی محسوس کرتی ہیں۔