رحیم یار خان (آئی این پی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رحیم یار خان میں شادی کی تقریب کے دوران باراتیوں کی جانب سے ڈالر ‘ ریال اڑائے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے دولہے اور دلہن کے اہل خانہ کے مالی وسائل سے متعلق تحقیقات شروع کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق رحیم یاد خان میں ایسی شادی ہوئی جس میں شجاع آباد سے خان پور پہنچنے پر دلہے محمد ارشد کے باراتی دوستوں نے شہر میں داخل ہوتے ہی بس کی چھت پر کھڑے ہو کر امریکی ڈالرز اور سعودی ریال لٹائے
یہی نہیں باراتی افراد نے موبائل فونز کی بارش بھی کی جس سے رحیم یار خان کے شہریوں کی چاندی ہو گئی۔ خبر میڈیا کی زینت بھی بنی جس کے بعد کسی نے اس شادی میں شاہ خرچیوں پر واہ واہ کی تو کسی نے تنقید کا نشانہ بنایا۔ تاہم اب ان شاہ خرچیوں کا ایف بی آر نے نوٹس لے لیا ہے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق باراتیوں کے امریکی ڈالرز، سعودی ریال اور موبائل فونز لْٹانے پر نوٹس لیا گیا۔ ایف بی آر نے دلہا اور دلہن اور انکے اہل خانہ کے مالی وسائل سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔