کابل(این این آئی)افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پاکستا ن افغانستا ن میں امن کے قیام میں ان کے ملک سے تعاون کریگا ۔ کابل میں سینئر پاکستانی صحافیوں اور ٹی وی اینکرز سے ملاقات میں انہوں نے کہاکہ دہشتگردی سے موثر طریقے سے نمٹنے کیلئے افغانستان تمام ممالک سے تعاون کا خواہاں ہے۔
انہوں نے جہاد کے دوران پاکستان کی جانب سے لاکھوں افغان مہاجرین کو پناہ دینے پر پاکستان کی مہمان نوازی کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی اور افغان صحافیوں کے دوروں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے دوروں سے باہمی تعلقات میں بہتری اور ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ پاکستانی صحافیوں کی جانب سے افغانستان میں جاری جنگ اور پاکستان افغانستان کے درمیان کشیدہ تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے سوالات پر افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں
اور یہ کہ افغانستان میں امن کیلئے ان کاملک پاکستان کے تعاون کا خواہشمند ہے۔ پاکستان وفد سینئر صحافی رحیم اللہ یوسفزئی کی قیادت میں کابل کے دورے پر ہے۔ دورے کے دوران پاکستان اور افغان صحافیوں کے درمیان بات چیت میں اس بات پراتفاق کیاگیا کہ پاکستان اور افغانستان مذاکرات کے ذریعے اپنے مسائل حل کرے۔ پاکستانی اور افغان صحافیوں کے درمیان مذاکرات جرمنی کی مالی امداد سے منعقد ہوتے ہیں اور پروگرام کے تحت دورے ہوتے ہیں اس سے پہلے رواں سال افغان صحافیوں نے بھی اسی پروگرام کے تحت پاکستان کا دورہ کیا تھا۔