اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں رواں ہفتے شدید سردی کی پیش گوئی ،سعودی عرب کے محکمہ موسمیات اور تحفظ ماحول نے امکان ظاہر کیا ہے کہ شدیدسردی کی لہر سے درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ سے
بھی نیچے گر سکتا ہے۔موسمیات اور تحفظ ماحول کی جنرل اتھارٹی کے مطابق شدید سردی کی اس لہر سے سعودی عرب کے شمالی علاقے بالخصوص تبوک ، جوف اور حائل زیادہ متاثر ہوں گے اور جمعرات کو سردی کی یہ لہر سعودی عرب کے وسطی اور مشرقی علاقوں کے شمالی حصوں تک بھی پھیل جائے گی۔سعودی عرب کے محکمہ موسمیات اور تحفظ ماحول نےیہ بھی کہا ہے کہ اس کم درجہ حرارت کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی۔ وہ اپنے ساتھ گرد وغبار لائیں گی جس سے حد نگاہ متاثر ہو گی اور زیادہ دور تک دیکھا نہیں جاسکے گا۔سرد ہواؤں کی رفتار 45 کلو میٹر فی گھنٹا تک ہو سکتی ہیں۔ان کے ساتھ ریت کے طوفان سے دیکھنے کی صلاحیت صرف ایک کلومیٹر تک محدود ہو کر رہ جائے گی۔سرد ی کی اس لہر سے جمعرات کو سعودی عرب کے وسطی ، مشرقی اور مغربی علاقوں کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔اس لئے عوام کو پہلے سے حفاظتی انتظامات کرنے کا کہا گیا ہے۔