لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی جانب سے کل ( پیر) کے روز سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کرکے دووبارہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا امکان ہے ۔خاندانی ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے سینئر سیاستدان
مخدوم جاوید ہاشمی کو ملاقات کے لئے بلا لیا ہے ۔جاوید ہاشمی کل پیر کے روز سابق وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے جس کے بعد وہ مسلم لیگ (ن)میں باقاعدہ شمولیت کا بھی اعلان کریں کے۔جاوید ہاشمی اپنی کتاب ’’زندہ تاریخ ‘‘کی رونمائی بھی کریں گے ، کتاب سمیت جاوید ہاشمی کی جانب سے اہم انکشافات متوقع ہیں۔ اس سلسلہ میں جاوید ہاشمی کے قریبی ذرائع سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہم تک بھی اس طرح کی اطلاعات آئی ہیں تاہم شمولیت کے حتمی فیصلے بارے جاوید ہاشمی خود ہی بتا سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ 2013ء میں مخدوم جاوید ہاشمی مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے اختلا ف کے باعث پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہو گئے تھے مگر عمران خان کے اسلام آباد میں دھرنے کے موقع پر تحریک انصاف کی قیا د ت سے ان کے اختلافات ہو گئے جس کے باعث مخدوم جاوید ہاشمی نے تحریک انصاف کو بھی خیرباد کہہ دیا اوراب انہوں نے دوبارہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔جاوید ہاشمی مختلف تقریبات میں واضح کہہ چکے ہیں کہ میں بنیادی طورپر مسلم لیگی ہوں اور مجھے مسلم لیگ میں جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔