کراچی/لندن (یوا ین پی)قومی کرکٹراحمد شہزاد نے ماہرنفسیات ڈاکٹر تیمور سے ملاقات کا فیصلہ کر لیا۔احمد شہزاد نیشنل ٹی 20 کپ ختم ہونے کے بعد انگلینڈ جائیں گے۔مسلسل ناقص کارکردگی پرقومی کرکٹر کو بیٹنگ کوچ اور ہیڈ کوچ نے ماہرنفسیات سے ملنے کامشورہ دیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلسل ناقص کارکردگی سے دلبرداشتہ قومی کرکٹر احمد شہزاد نے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کے مشورے پر عمل کرنے کافیصلہ کرتے ہوئے
لندن میں موجود سائیکالوجسٹ ڈاکٹر تیمور سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ وہ اپنی فارم واپس حاصل کر سکیں۔احمد شہزاد نے بہت کم عرصے میں شہرت حاصل کی تاہم چند سالوں میں وہ تسلسل کیساتھ کارکردگی دکھانے میں ناکام ہیں۔ انہیں حال ہی میں ورلڈ الیون کیساتھ کھیلی گئی سیریز میں قومی ٹیم میں شامل کیا گیا تو انہوں نے قدرے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم سری لنکا کیخلاف سیریز میں وہ پھر ناکام ہو گئے جس کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں ان کی جگہ امام الحق کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے انہیں سائیکالوجسٹ سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا تھا جس پر انہوں نے عمل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اب وہ نیشنل ٹی 20 کپ ختم ہونے کے بعد انگلینڈ جائیں گے۔