خواتین وحضرات ۔۔ تاریخ میں خلیفہ ہارون الرشید کا درویش صوفی بہلول دانا کے ساتھ ایک مکالمہ درج ہے‘ بادشاہ نے بہلول دانا سے پوچھا تھا ’’اللہ تعالیٰ جب کسی بادشاہ سے خوش ہوتا ہے تو وہ (اسے) کیا تحفہ دیتا ہے‘‘ درویش نے جواب دیا ’’اللہ اسے بروقت فیصلوں کی قوت دیتا ہے‘‘ بادشاہ نے پوچھا ’’اور اگر اللہ ناراض ہو جائے تو‘‘
درویش نے جواب دیا ’’اللہ (اس) سے فیصلے کی قوت چھین لیتا ہے‘‘ بادشاہ نے پوچھا ’’ اوراگر کوئی بادشاہ اللہ کی ناراضی کا شکار ہو جائے تو (اس) کے ساتھ کیا ہوتا ہے‘‘ درویش نے جواب دیا ’’دردر کی ٹھوکریں بادشاہ کا مقدربن جاتی ہیں‘ وہ سونے کو ہاتھ میں لیتا ہے تو وہ ریت بن جاتی ہے‘ (اس) کے اپنے پرائے ہو جاتے ہیں اور (اس) کا اچھا ۔۔کیا بھی (برا) ہو جاتا ہے‘‘ میں ۔۔اس کہانی کو یہاں روک کر آج کے ایک فیصلے کی طرف آتا ہوں۔
آج سپریم کورٹ نے میاں نواز شریف کی پانامہ فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواستوں کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا‘ پانچ رکنی بینچ نے فیصلہ دیا،نواز شریف کی نااہلی سے متعلق شواہد غیر متنازعہ تھے‘ نواز شریف نے بدنیتی سے جھوٹا بیان حلفی دیا‘ نگران جج کا مقصد صرف نگرانی ہے اور یہ کوئی نئی بات نہیں‘ نواز شریف نے نہ صرف پارلیمنٹ اور عوام کو بے وقوف بنایا بلکہ عدالت کو بھی بے وقوف بنانے کی کوشش کی‘ ساڑھے چھ سال کی تنخواہ نواز شریف کا اثاثہ تھی‘ مریم نواز بادی النظر میں لندن فلیٹس کی مالک ہیں‘ ۔۔
ان فلیٹس کے ساتھ کیپٹن صفدر کا کوئی تعلق نہیں یہ تسلیم نہیں کیا جا سکتا اور اعلیٰ ترین عہدے پر بیٹھے شخص کے حواری اعلیٰ عہدوں پر تعینات ہیں۔ یہ تفصیلی فیصلہ کیا کہہ رہا ہے‘ میں بہلول دانا کی طرف واپس آتا ہوں‘ میرا خیال ہے میاں نواز شریف کو بھی یہ مکالمہ پڑھنا چاہیے اور اللہ تعالیٰ سے توبہ کرنی چاہیے کیونکہ اب ۔۔ان کیلئے گنجائش کم سے کم تر ہوتی جا رہی ہے‘ کیا یہ تفصیلی فیصلہ احتساب عدالت کے فیصلے پر اثر انداز ہو گا‘ ہم آج کے پروگرام میں یہ بھی ڈسکس کریں گے اور میاں نواز شریف نے پاکستان میں رہ کر عدالتوں کو فیس کرنے کا فیصلہ کر لیا‘ یہ بہت اچھا فیصلہ ہے‘ کیا ۔۔اس اچھے فیصلے کے نتائج بھی اچھے نکلیں گے‘ نئی حلقہ بندیوں کا ایشو آج بھی ڈیڈ لاک کا شکار رہا‘ حکومت نے ڈیڈ لاک توڑنے کیلئے کمیٹی بنا دی اور آج میاں شہباز شریف ایک بار پھر آصف علی زرداری کے خلاف میدان میں آگئے ۔۔اس ہیٹ کا کیا نتیجہ نکلے گا‘ ہم یہ بھی ڈسکس کریں گے‘ ہمارے ساتھ رہیے گا۔