چکوال (این این آئی)سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے کہ انتخابات میں کسی صورت بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے ٗ سیاسی جماعتوں کو بھی آگے آنا ہوگا ٗ مسلم لیگ ن میں ناکوئی فاروڈ بلاک بن رہا ہے اور نہ ہی کوئی ٹیکنو کریٹ حکومت آرہی ہے ، سب مضروضے اور قیاس آرائیاں ہیں۔ منگل کوسابق وفاقی وزیرداخلہ چویدری نثار علی خان کی ایم پی اے
چوہدری لیاقت علی خان کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ چوہدری نثار علی خان نے چوہدری لیاقت کے بھائی صبح صادق اور ان کے دونوں صاحبزادوں چوہدری حیدر سلطان اور چوہدری شہریار اور اہلیہ رکن قومی اسمبلی بیگم عفت لیاقت سے اظہار تعزیت کیا۔ جبکہ اس موقع پر ایم پی اے چوہدری نذر حیات گوندل، چیئرمین صوفی مشتاق بھٹی، چیئرمین ارشد محمود دھروگی، قاضی زاہد وقار اور مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چوہدری نثار علی خان نے مزید کہا کہ اختلاف رائے کو خواہ مخواہ بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے مسلم لیگ ن ایک بڑی اورملک گیر جماعت ہے اور اس میں ہر وقت اختلاف رائے رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت پاکستان کا مستقبل ہے لہٰذا جمہوریت کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔چوہدری نثار علی خان کی سیاسی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ چوہدری لیاقت کی سیاسی وفاداری نے انہیں پورے علاقے میں ممتاز اور منفرد بنایا ہے۔