لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر جسٹس سردار احمد نعیم کی عدم دستیابی کے باعث بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی گئی ۔ شہری جواد اشرف نے نواز شریف کے خلاف
اندارج مقدمہ کی درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں پولیس کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ میاں نواز شریف نے عدالت سے نااہلی کے فیصلے کے بعد اسلام سے لاہور تک ریلی نکالی اور ریلی کے دوران عدلیہ اور قومی سلامتی کے اداروں کے مخالف تقاریر کیں، درخواست گزار کے مطابق سابق وزیر اعظم نے تقاریر میں عدلیہ اور قومی سلامتی کے اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی اور قوم کو اداروں کیخلاف بغاوت پر اکسایا، نواز شریف کی یہ تقاریر بغاوت کے زمرے میں آتی ہیں، درخواست گزار نے درخواست میں نشاندہی کی ہے کہ مقدمہ کیلئے درخواست دی تاہم پولیس اپنی قانونی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی لہذا عدالت پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دے، تاہم جسٹس سردار احمد نعیم کی رخصت کے باعث درخواست پر سماعت نہ ہو سکی عدالت نے گزشتہ سماعت پر ڈیفنس پولیس سے جواب طلب کر رکھا ہے۔