لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب حکومت کے اورنج لائن کے بعد بلیولائن منصوبے پر بھی پیشرفت ہوئی ہے ،بعض اعتراضات کے باوجود کنسپٹ پیپرز کو منظور کر لیا گیا ۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ منصوبے کی مجموعی لاگت کا تخمینہ تین کھرب 64ارب روپے لگایا گیا ہے ۔سول ورکس کی لاگت کا تخمینہ 1 کھرب 48 ارب 20 کروڑ لگایا گیا ہے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے کنسپٹ پیپرز میں تعمیراتی ٹیکنالوجی کے بورڈ پیرا میٹرز ،سگنلنگ سسٹم اور کمیونیکشن سسٹم کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
بلیو لائن کے الیکٹریکل اور میکینکل ورکس کا تخمینہ 93 ارب 73 کروڑ روپے لگایا گیا ہے جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے مذکورہ سسٹم کی بھی تفصیلات نہیں دی گئیں۔بلیولائن کی لینڈ ایکوزیشن کا تخمینہ 14 ارب لگایا گیا ہے ، بلیولائن کی یوٹیلٹی منتقل کرنے کا خرچہ گرین اور اورنج لائن سے زیادہ ہوگا۔بلیولائن کی یوٹیلٹیز منتقل کرنے کا ابتدائی تخمینہ 11 ارب لگایا گیا ، بلیولائن کی کنسلٹنسی کی مد میں 13 ارب 32 کروڑخرچ ہوں گے ، صرف کنسلٹنسی کا خرچہ الیکٹریکل اور میکنیکل کے تخمینہ کا 5 فیصدہوگا۔