لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے کا خدشہ ‘ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے پاور پلانٹس کو گیس فراہمی معطل کر دی‘ فرنس آئل اور ڈیزل پر چلنے والے پاور پلانٹس کو بھی بند کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق وزارت انرجی کی ہدایت پر فرنس آئل اور ڈیزل پر چلنے والے پاور پلانٹس کو بند کر دیا گیا، پاور پلانٹ بند ہونے سے 4250 میگاواٹ بجلی سسٹم میں کم ہوگئی، اسی طرح سوئی ناردرن گیس کمپنی نے بھی پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی بند کر دی ہے، 7 نومبر
تک 200 ملین گیس کی فراہمی بند کی گئی ہے، گیس کی فراہمی معطل ہونے سے بجلی کی پیداوارمیں 500 میگاواٹ کمی ہو گئی دوسری جانب موسم کی تبدیلی کی وجہ سے پن بجلی کی پیداوار میں بھی نمایاں کمی ہو گئی ہے، 7 ہزار کے بجائے 2700 میگاواٹ پن بجلی پیدا ہونے لگی، پاور ڈویژن نے تقسیم کارکمپنیوں کو لوڈ مینجمنٹ کرنے کی ہدایت کردی ہے ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق تمام تقسیم کار کمپنیوں میں عارضی طور پر لوڈشیڈنگ کر کے لوڈ مینجمنٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔