اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو(نیب) نے سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ بیورو کریسی کے گردبھی گھیرا تنگ کرنا شروع کر دیا، کرپشن کیسوں میں پلی بارگین اور کرپشن کی رقم رضاکارانہ طور پر واپس کرنے والے بیورو کریٹس کی فہرستیں مرتب کرنی شروع کر دیں جو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو دی جائیں گی تا کہ ایسے افسران کی پوسٹنگ اور ترقیوں کا راستہ روکا جا سکے۔ نیب ذرائع کے مطابق ان تمام بیورو کریٹس کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے جو کرپشن کیسوں کی لوٹی ہوئی رقم یا تو رضاکارانہ طور پر واپس
کر چکے ہیں یا پھر پلی بارگین کے ذریعے کلین چٹ حاصل کر کے دوبارہ اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو جلد نیب زدہ افسران کی فہرستیں دے دی جائیں گی تا کہ ان افسروں کا راستہ روکا جا سکے۔ دوسری طرف وفاقی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ نیب زدہ افسروں کو کوئی پوسٹنگ نہ دی جائے اور نہ ہی ان کو ترقی دی جائے تاہم وہ افسران جن کے خلاف نیب میں انکوائری یا پھر کوئی شکایت موجود ہے تو جب تک اس کے خلاف کیس درج نہیں ہوتا تب تک اس کی ترقی کو بھی نہیں روکا جائے گا۔