لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو نے اربوں روپے کی بدعنوانی کے مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو طلب کرلیا ، ان کو رواں سال جولائی میں 3نوٹسز بھیجے گئے تھے ۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر )جاوید اقبال کے حکم پر لاہور بیورو نے زیرالتوا کیسز پر کام تیز کر دیا ہے ۔ نیب نے وژن ڈویلپرز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر حلیم خان کو اربوں روپے کی بدعنوانی کے مقدمے میں طلب کرلیاہے ۔
علیم خان کو اس سال کے ساتویں مہینے میں تین نوٹسز جاری کئے گئے ۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر لاہور ہاؤسنگ سوسائیٹیز میں اربوں روپے کی بدعنوانی میں ملوث ہیں ۔علیم خان دو ممتاز وکلا طارق رحیم اور اظہر صدیقی کے وکیل المد خان کی مدد سے لاہور ہائی کورٹ کے جج مجاز علی نقوی کی طرف سے نیب کے قانونی نوٹسز کے ذریعے مجرمانہ تحقیقات کی عبوری معطلی میں کامیاب ہوگئے تھے ۔ گزشتہ سال بھی علیم خان 2.5 ارب روپے کے ای اوبی آئی ایف آئی اے کے کریمینل مقدمے میں سپریم کورٹ سے بھی ریلیف حاصل کرنے میں کامیا ب رہے تھے جوکہ گزشتہ ایک سال سے فعال ہے ۔علیم خان ریاستی خزانے کواربوں روپے کا نقصان پہنچانے کے باوجود حکم امتناعی حاصل کرکے فائدے حاصل کررہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو اس طلبی سے قبل تین سمن جاری کیے جا چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان کی 2 ہاؤسنگ سوسائٹیاں ہیں جن میں سے ایک زرعی زمین پر غیر قانونی طور پر بنائی گئی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما علیم خان زرعی اراضی پرسوسائٹی بنا کر دھوکہ دہی کے مرتکب ہوئے۔ نیب نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے)کو خط لکھ کر تمام سوسائٹیوں کا ریکارڈ مانگ لیا ہے۔