اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید احمد المالکی نے ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے مطالبات رد کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے پیر کو سعودی عرب کے سفیر نواف سعید احمد المالکی سے ملاقات کی ٗ پاکستانی ٹریول ایجنٹس نے ویزا کے حصول میں سعودی سفارت خانے سے انگھوٹے اور انگلیوں کے نشان اور بائیو میٹرک طریقہ کار کے نفاذ میں تاخیر کا مطالبہ کیا۔
ٹریول ایجنٹس نے ملاقات میں موقف اختیار کیا کہ جن پاکستانیوں کے عمرہ کے ویزا لگے ہوئے ہیں ان کو انگھوٹے اور انگلیوں کے نشان اور بائیو میٹرک طریقہ کار سے مستثنیٰ قرار دیا جائے ٗ ٹریول ایجنٹس کے مطابق سینکڑوں پاکستانی اس شرط کے باعث عمرہ و حج کی سعادت سے محروم ہو جائیں گے تاہم سعودی سفیر نواف سعید احمد المالکی کا ٹریول ایجنٹس کا مطالبہ ماننے سے انکار کر دیا ۔نواف سعید احمد المالکی کی ٹریول ایجنٹس کو واضح کیا کہ مذکورہ سعودی قوانین میں تبدیلی ممکن نہیں ہے ذرائع کے مطابق منگل سے سعودی عرب میں حج اور عمرہ کے ویزا کے حصول کے لئے انگھوٹھے اور انگلیوں کے نشانات اور بائیو میٹرک طریقہ کار کا نفاذ شروع ہو گا۔ذرائع نے بتایا کہ عمرہ کے خواہشمند وہ پاکستانی جن کو ویزا جاری ہو چکا ہے وہ بھی اب سعودی سفارت خانے اور قونصلیٹ میں جا کر انگھوٹھے اور انگلیوں کے نشانات اور بائیو میٹرک شناخت کرائیں گے ٗذرائع نے بتایا کہ بائیو میٹرک شناخت نہ کرانے پر سعودی ویزا رکھنے والے پاکستانی بھی حج اور عمرہ کی سعادت سے محروم رہیں گے ٗایسے پاکستانیوں کو سعودی عرب میں قدم رکھنے پر ڈی پورٹ بھی کیا جا سکے گا۔ ذرائع کے مطابق دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے اور نا خواندہ پاکستانیوں کے انگھوٹھے اور انگلیوں کے نشانات اور بائیو میٹرک شناخت کے نفاذ کے بعد
بڑی تعداد میں متاثر ہونے کا خد شہ ہے ذرائع نے بتایا کہ منگل سے وفاقی دارلحکومت میں سعودی سفارت خانہ اور کراچی ،لاہور پشاور اور کوئٹہ میں موجود سعودی قونصلیٹ میں انگھوٹھے اور انگلیوں کے نشانات اور بائیو میٹرک شناخت کا عمل شروع ہو گا ذرائع نے بتایا کہ سعودی حکومت نے اس ضمن میں ایک پاکستانی کمپنی کو ٹھیکہ دیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ عمرہ و حج ویزا کے حصول کے خواہشمند پاکستانی انگھوٹھے اور انگلیوں کے نشانات اور بائیو میٹرک شناخت کے لئے فی کس 600 روپے کی فیس بھی ادا کریں گے یاد رہے کہ ہر برس 20 لاکھ سے زائد پاکستانی عمرہ اور 3 لاکھ کے لگ بھگ پاکستانی حج کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔