بیجنگ(مانٹرنگ ڈیسک)چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چینی فوج اور قومی دفاع کے نصب العین کا نیا باب شروع ہو رہا ہے، چینی فوج کو دنیا کی طاقتور ترین افواج میں سے ایک بنایا جائے گا ، فوجی کمیشن کے کندھوں پر چینی فوج اور ملک و قومکے تحفظ کی ذمہ داری عائد ہے ۔چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق
چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری، مرکزی فوجی کمیشن کے چیرمین شی جن پنگ نے چینی فوج کے اعلی اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی خصوصیات کا حامل سوشلسٹ معاشرہ نئے عہد میں داخل ہو رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ چینی فوج اور قومی دفاع کے نصب العین کا نیا باب بھی شروع ہو رہا ہے ۔چینی کمیونسٹ پارٹی نے نئے عہد میں فوجی قوت کی مضبوطی کی حکمت عملی وضع کی ہے۔جس کی روشنی میں فوجی اہلکاروں کو فوجی دفاعی طاقت اور فوج کی صلاحیت کی بلندی کے لئے بھر پور کوشش کرنی چاہیے ۔ اور اس مقصد کے لئے اپنی خدمات سرانجام دینا چاہیے کہ رواں صدی کے وسط تک چینی فوج کو دنیا کی طاقتور ترین افواج میں سے ایک بنایا جائے ۔انہوں نے کہا پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس میں مرکزی فوجی کمیشن کی نئی قیادت منتخب ہوئی ہے۔ یہ پارٹی کا ایک اسٹریٹیجک انتظام ہے۔ انہوں نے مرکزی فوجی کمیشن کے اہلکاروں پر زور دیا کہ ان کے کندھوں پر چینی فوج اور ملک و قوم کی ترقی کے تحفظ کی ذمہ داری عائد ہے۔اس لئے فوج پر پارٹی کی مطلق قیادت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ فوج کے اعلی اہلکاروں کو پارٹی کی رہنمائی میں اپنی ذمہ داری کو پوری طرح نبھانا چاہیے ۔