واشنگٹن (آئی این پی) امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ جنوبی ایشیاء میں استحکام اور خوشحالی کے لئے وسیع بنیاد پر تعاون سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ بدھ کو امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے یونیورسٹی آف ورجینیا کا دورہ کیا اور طالب علموں
سے ملاقات کی۔ اعزاز چوہدری نے جنوبی ایشیاء میں سلامتی اور استحکام کے موضوع پر مختصر تقریر کی جس کے بعد دوستانہ ماحول میں طالب علموں کے ساتھ گفتگو ہوئی۔ بین الاقوامی سیاسی منظر نامے کا وسیع جائزہ لینے کے بعد سفیر نے خطے اور دنیا میں امن اور سلامتی کے لئے پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کیا انہوں نے دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی کوششوں میں پاکستان کے اہم کردار اور قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ جنوبی ایشیاء میں استحکام اور خوشحالی کے لئے وسیع بنیاد پر تعاون سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اپنے دورے کے دوران سفیر اعزاز چوہدری نے سابق صدر تھامس جیفرسن کے گھر کا دورہ کیا اور پاکستان کے موضوع پر کتاب لائبریری میں تحفتاً دی۔ اعزاز چوہدری نے یونیورسٹی آف ورجینیا کے طالب علموں اور فیکلٹی ممبرز سے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔