اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملکوں کی خوشحالی میں سمندروں کا کردار اہم ہے‘ کوئی اکیلا ملک آبی گزرگاہوں کے تحفظ اور دیگر مسائل میں کردار ادا نہیں کرسکتا‘ پاکستان کی 95 فیصد تجارت سمندروں کے ذریعے ہوتی ہے‘ موجودہ حالات میں ابی گزرگاہوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے‘ سمندری گزر گاہ ہماری لائف لائن ہے‘ پاکستان میری ٹائم معاملات پر دنیا کے ساتھ تعاون کیلئے ہر دم تیار ہے۔
منگل کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کوسٹ گارڈ ایجنسیز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایشین کوسٹ گارڈ ایجنسیز کے اجلاس میں شرکت پر خوشی ہے میری ٹائم سکیورٹی میں یہ فورم اہم کردار ادا کررہا ہے۔ تقریب کے انعقاد پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں فورم ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے اور میری ٹائم سکیورٹی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ملکوں کی خوشحالی میں سمندروں کا کردار اہم ہے عالمی معیشت کا سمندروں پر انحصار بڑھ رہا ہے۔ موجودہ حالات میں آبی گزر گاہوں کی اہمیت اور ان کے تحفظ میں اضافہ ہورہا ہے۔ کوئی اکیلا ملک آبی حدود کے تحفظ اور دیگر مسائل میں کردار ادا نہیں کرسکتا۔ پاکستان کی پچانوے فیصد تجارت سمندروں کے ذریعے ہوتی ہے۔ سمندری گزر گاہ ہماری لائف لائن ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ٹائم معاملات پر دنیا کے ساتھ تعاون پر ہر دم تیار ہیں۔ پاکستان میری ٹائم سکیورٹی امن مشقوں کا تسلسل سے انعقاد کررہا ہے۔ پاکستان کی میری ٹائم ایجنسی اپنا موثر کردار ادا کررہی ہے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی استعداد کار میں اضافہ کیا گیا ہے یقین ہے کہ فورم کے تمام ملک میری ٹائم سکیورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے میں مزید فروغ دینگے۔