سہیون (آئی این پی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی مہم شروع ہوچکی ہے‘ روک سکو تو روک لو‘ اصف زرداری اور نواز شریف میں نورا کشتی ہے‘ عوام کسی قسم کے مک مکا کو تسلیم نہیں کریں گے‘ اب کسی کو این آر او دیا گیا تو پورے پاکستان کو سڑکوں پر نکالوں گا‘ ملک میں معاشی بحران عروج پر ہے‘ قبل از وقت انتخابات کرائے جائیں‘ پیپلز پارٹی پولیس کے بغیر سندھ میں ایک
سیٹ بھی نہیں جیت سکتی‘ عوام کو آزاد عدلیہ سے امید ہے‘ جمہوریت میں احتجاج کرنا میرا حق ہے‘ سندھ کی عوام بدل گئی ہے جس سے پیپلز پارٹی خوفزدہ ہے۔ پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سندھ کی عوام بدل گئی اور پیپلز پارٹی خوفزدہ ہے سندھ کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے‘ سندھ میں خوف پھیلایا جارہا ہے پولیس ٹھیک ہوجائے تو پیپلز پارٹی ایک سیٹ نہیں جیت سکتی۔ پہلے کبھی نہیں دیکھا کہ کسی کو درگاہ پر حاضری دینے سے روکا گیا ہو۔ پہلی بار کئی سال بعد پیپلز پارٹی کو شکست ہوگی بلاول کے جلسے کے لئے دور دراز علاقوں سے لوگ لائے جاتے ہیں۔ سندھ میں آزادی نہیں لوگوں کو غلام بنایا جارہا ہے آصف زرداری کے غلط کاموں کے لئے سندھ پولیس کو استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کے سربراہ انہوں نے خود لگائے پی ٹی آئی کی سندھ میں مہم شروع ہوچکی ہے روک سکو تو روک لو۔ آصف زرداری اور نواز شریف میں نورا کشتی ہے قوم کسی قسم کے این آر او کو نہیں مانے گی۔ مشرف کو این آر او دینے کا کوئی حق نہیں تھا کسی قسم کے مک مکا کو تسیم نہیں کریں گے۔ اب کسی کو این آر او دیا تو پورے پاکستان کو سڑکوں پر نکالوں گا۔ کرپٹ عناصر کو جیل میں دیکھنا چاہتے ہیں ملک میں معاشی بحران عروج پر ہے قبل از وقت انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لعل شہباز قلندر کے مزار پر حاضری دینی تھی کسی مزار
پر حاضری دینے کے لئے کیا اجازت چاہئے ہوتی ہے۔ عوام کو آزاد عدلیہ سے امید ہے جمہوریت میں احتجاج کرنا میرا حق ہے۔(ن غ)