لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں کسی بھی زرعی زمین پر آئندہ کسی بھی نوعیت کی ہاؤسنگ سکیم بنانے کی اجازت نہیں دے گی اورزمین کو اس کے اصل مقاصد کے لئے ہی استعمال میں لا یا جا سکے گا، اس سلسلے میں قانون بنانے کے لئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جوماہرانہ رائے اور قوانین بارے ڈرافٹ تیار کرے گی
جس کو منظوری کے لئے حکومت کے پاس بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں رہائش کے لئے فلیٹ سسٹم کو ترجیح دینے بار ے بھی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے تاکہ متعین جگہ پر زیادہ ے زیادہ خاندان آباد ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی زمین کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت ہے اگر ابھی سے اس کا تدارک نہ کیا گیا تو ہماری آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔محمد منشاء اللہ بٹ نے مزید کہا کہ صوبہ بھر کے تمام یونین کونسلوں کے سیکر ٹریوں اور چیف آفیسرز کو پابند کیا جائے گا کہ وہ زرعی زمینوں اور سرکاری زمینوں کی مانیٹرنگ کرتے رہیں اور کوئی بھی انویسٹر کسی بھی زرعی زمین پر اپنے مزموم عزائم کرتا پایا جائے کے بارے فوری رپورٹ محکمہ کو ارسال کرے۔انہوں نے کہا کہ تمام محکموں اور تمام بلدیاتی اداروں کے افسران کو بھی پابند کیا جا رہا ہے کہ آئندہ ایسی کسی بھی ہاؤسنگ سکیم کی منظوری نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افرد کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جا رہا ہے جنہوں نے لیز پر لی سرکاری زمین کو ہاؤسنگ سکیم بنا کر فروخت کر دیا ہے۔ایسے نا سوروں کو کسی صورت معاف نہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں نئے شہر بھی آباد کئے جائیں گے تاکہ پھیلتی ہوئی آبادی کو بکھرنے کی بجائے ایک ہی جگہ پر بہترین ماحول میں ہر قسم کو سہولیت میسر ہو سکیں۔