لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا ہے کہ ساتھیوں کی اکثریت نے مستقبل کے کسی بھی طرح کے فیصلے کیلئے سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کو اختیار دیدیا ہے ،(ن) لیگ کے درباریوں کے علاوہ بہت سے لوگ پہلے بھی رابطے میں تھے اور حالیہ دنوں میں اس میں مزید تیزی آئی ہے۔ ’’ این این آئی ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی سردار
ذوالفقار علی خان کھوسہ سے ملاقات کے بعد آئندہ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے اور جلد حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ساتھیوں کی اکثریت نے فیصلے کا اختیار سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جو بھی فیصلہ کریں گے ہمیں وہ قبول ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ(ن) لیگ کی جو صورتحال سامنے آرہی ہے در حقیقت حالات اس سے بھی زیادہ برے ہیں اور آنے والے دنوں میں سب کچھ کھل کر سامنے آجائے گا ۔