لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 2013ء کے برعکس آئندہ عام انتخابات کیلئے امیداروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کا مرحلہ قبل از وقت مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، سندھ کے دورے کے بعد پہلے مرحلے میں پنجاب کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس بلایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے آئند ہ عام انتخابات کے تناظر میں تیاریاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔رہنماؤں کی تجویز پر عمل کرتے ہوئے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے اور ٹکٹوں کی تقسیم کا مرحلہ قبل از وقت مکمل
کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کیلئے مرحلہ وار پارلیمانی بورڈ کے اجلاس بلائے جائیں گے جس میں ٹکٹوں کے معاملے پر ابتدائی فہرستوںں کا جائزہ لیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ عمران خان کے دورہ سندھ کے بعدپہلے مرحلے میں پنجاب کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق اس کے ساتھ جلسوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا جائے گا ۔پی ٹی آئی کے ترجمان کے مطابق تمام پارلیمانی بورڈزبن گئے ہیں جن کے اجلاس طلب کرنے کی تاریخوںں کا اعلان جلد ہوگا۔