اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور اور میانوالی سے انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں لاہور اور میانوالی سے انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتا ہوں،
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ اب تحریک نہیں بلکہ طوفان نظر آ رہا ہے، ہمارے ملک میں جمہوریت بندر بانٹ ہے، عمران خان نے کہا کہ اگر عدالت نے مجھے نااہل کیا تو میں پارٹی صدر نہیں رہوں گا اور کسی اور کو پارٹی کا صدر بنا دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات 2018ء میں تحریک انصاف کی حکومت بنے گی اور تحریک انصاف تمام صوبوں سے جیتے گی، انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے ملک کے ساتھ جو سلوک کیا وہ دشمن بھی نہیں کر سکتا تھا، اپنی چوری چھپانے کے لیے انہوں نے ملک کے ادارے تباہ کر دیے، پیسہ باہر بھجوا دیا، اگر میں اپوزیشن نہ کرتا تو یہ لوگ ایسے ہی آپس میں مک مکا کرکے چلتے رہتے۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ مافیا کو اس وقت تک شکست نہیں دی جا سکتی جب تک عوام ساتھ نہ ہوں۔ میں واحد سیاست دان ہوں جو اپنے زور بازو پر سیاست کر رہا ہوں، میرے خلاف مقدمات بنانا بھی اصل میں مجھے ٹارگٹ کرنا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جب میں شفاف انتخابات کے لیے جدوجہد کرتا ہوں تو مجھے دہشت گرد بنا دیتے ہیں اور جب انتخابات میں دھاندلی کی بات کرتا ہوں تو یہ لوگ اسے توہین عدالت کہتے ہیں۔