بیجنگ (نیوز ڈیسک) سٹیج ایکٹنگ یقیناًایک محنت طلب کام ہے لیکن ایک چینی ادا کار کے لیے یہ کام کچھ زیادہ ہی مشکل ثابت ہوا ہے۔ ستائیس سالہ یانگ لی چین اور جاپان کے درمیان لڑی گئی جنگوں اور خصوصاً دوسری جنگ کے متعلق بنائے گئے سٹیج ڈراموں میں کام کرتا ہے۔ شانشی کلچرل پارک میں روزانہ ان ڈراموں کے متعدد شو پیش کیئے جاتے ہیں جن میں یانگ کو ہمیشہ ایک شیطان صفت جاپانی فوجی کا کردار دیا جاتا ہے۔یانگ کہتے ہیں کہ چاہے ڈرامے کی کہانی جو بھی ہو انہیں برا ہی دکھایا جاتا ہے اور ہر ڈرامے میں انہوں نے مرنا بھی ضرور ہوتا ہے۔ وہ روزانہ چھ سے سات مرتبہ مرتے ہیں اور اب تک 6ہزار سے زائد مرتبہ سٹیج پر مر چکے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ بعض دفعہ ڈرامہ دیکھنے والے کچھ لوگ بہت جذباتی ہوجاتے ہیں اور ایسے ہی جذباتی لوگ جاپانی فوج پر غصہ نکالنے کے لیے انہیں کئی دفعہ پیٹ بھی چکے ہیں۔ انہیں خصوصی طور پر وہ واقعہ یاد ہے کہ جب ڈرامہ ختم ہوتے ہی ایک خاتون ان کی طرف لپکی اور زوردار تھپڑ رسید کردیا ، تاہم خاتون نے بعد میں معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکی تھیں۔