اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سینٹ میں جو کام تحریک انصاف کے ساتھ ہوا وہی قومی اسمبلی میں ن لیگ کے ساتھ بھی ہو گیا، الیکشن ریفارمز بل کیلئے ہونیوالی ووٹ میں 31لیگی اراکین کا ووٹ میں حصہ نہ لینے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف کو پارٹی کا دوبارہ صدر بنانے کیلئے ن لیگ کی جانب سے قومی اسمبلی میں الیکشن ریفارمز بل پیش کیا گیا تھا۔یہ بل واضح اکثریت سے منظورتو کر لیا گیا تھا تاہم اب انکشاف ہوا ہے کہ بل پر ووٹنگ کے دوران قومی اسمبلی اجلاس میں ہونے والی ووٹنگ میں ن لیگ کے 31 اراکین نے
حصہ نہیں لیاکیونکہ یہ اراکین اس بل کے حق میں نہیں تھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل سینٹ میں بل پر ووٹنگ کے دوران تحریک انصاف کے دو سینیٹرز ایسے بھی تھے جنہوں نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا اور ایم کیو ایم کے سینیٹر میاں عتیق کے ووٹ نے فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے سینٹ میں اس بل کو پاس کروا دیا تھا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنے سینیٹرزکے سینٹ میں ووٹنگ کے دوران غائب ہونےپر سخت برہم بھی ہوئے جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے ان سینیٹرز کوشوکاز نوٹس بھی جاری کئے گئے ہیں۔