اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان میں تعینات ہنگر ی کے سفیر اسٹیون کا کہنا ہے کہ ہنگر ی میں پاکستانیوں کیلئے سرمایہ کار ی کے وسیع تر مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کیلئے ہنگر ی پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے ویزا پالیسی میں خصوصی تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں بڑے تجارتی مرکز کے دورے کے دوران تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
ہنگر ی کے سفیر اسٹیوان سابو نے کہا ہے کہ ہنگر ی کی حکومت پاکستانی سرمایہ کاروں کے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے سہولیات فراہم کرنے کو تیار ہے ، انہوں نے کہا کہ دوطرفہ سرمایہ کاری کو بڑھانے کیلئے تاجر برادری اہم کردار ادا کرسکتی ہے ، انہوں نے نے تاجر برادری پر زور دیا کہ انہیں تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اسلام آباد میں ہنگر ی کے سفیر نے کمرشل اتاشی ڈاکٹر سٹان کے ہمراہ ایک بڑے شاپنگ مال سینٹورس کے سربراہ سردار تنویر الیاس کے ہمراہ سٹیزن ڈویولپر ایسوسی ایشن کا دورہ کیا اور بڑے سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے ملاقات کی۔ اسٹیوان سابو نے کہا کہ پاکستانی آم اور دیگر پھلوں کی یورپی ممالک میں بہت مانگ ہے، اسکے علاوہ ہنگر ی میں زرعی اجناس کے بہت مواقع موجود ہیں۔ پاکستانی سرمایہ کاروں نے ہنگر ی کے سفیر کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر یورپی ممالک پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے ویزا پالیسی میں مراعات دیں تو پاکستان کے سرمایہ کار ہنگر ی سمیت دیگر یورپی ممالک میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔جس سے دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافہ کے ساتھ ساتھ باہمی تعلقات میں مزید مضبوطی ہوگی۔