دبئی سٹی (نیوز ڈیسک) سعودی عرب کے پڑوسی ملک یمن میں کشیدگی میں غیر جانبدار رہنے کے پاکستانی فیصلے پر خلیجی ممالک میں سخت تنقید کا سلسلہ جاری ہے اور معروف اماراتی اخبار ”الامارات الیوم“ نے ایک تازہ مضمون میں کہا ہے کہ پاکستان خلیجی ممالک کا مثالی اتحادی نہیں ہے۔ اماراتی اخبار کے ایڈیٹر انچیف سمیع الریامی کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک نے پاکستان سے یہ نہیں کہا کہ آپریشن ”فیصلہ کن طوفان“ کے لئے کرائے کے فوجی بھیجنے جائیں“۔ جی سی سی سمجھتی ہے کہ پاکستانی آرمی کرائے کیلئے نہیں ہے۔ جی سی سی یمنی دروازے سے آنے والے ایرانی خطرے کے خلاف اتحاد کیلئے پاکستان سے محض سیاسی حمایت چاہتی ہے۔ پاکستان کی علامتی شرکت ہی کافی ہے، خواہ یہ پاکستانی جھنڈا لہراتی ایمبولینس ہی ہو۔ ”فیصلہ کن طوفان“ پاکستان کے ساتھ حقیقی دوستی کا حقیقی امتحان ہے تاہم، ایسا نظر آتا ہے کہ پاکستان پر علاقائی توازن برقرار رکھنے والے ملک کے طور پر بھروسہ کرنا جی سی سی کیلئے کچھ خاص خوش قسمتی ثابت نہیں ہو گی۔