لاہور( این این آئی)پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا اسلام آباد سے لاہور آتے ہوئے گم ہونے والا سامان تلاش کرکے ان تک پہنچا دیا ۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال جمعہ کے روز پی آئی اے کی پرواز 653کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور پہنچے تھے تاہم ان کا سامان نہ مل سکا تھا ۔ وزیر داخلہ کی طرف سے پی آئی اے کے اعلیٰ حکام کو ٹیلیفون کر کے نہ
صرف سامان کی گمشدگی کی اطلاع دی گئی بلکہ سرزنش بھی کی گئی۔ بتایاگیا ہے کہ وزیر داخلہ کا سامان غلطی سے کراچی پہنچ گیا تھا جسے پی آئی اے نے پی کے 711کے ذریعے کراچی سے لاہور منگوا کر وزیر داخلہ احسن اقبال تک پہنچا دیا ہے ۔