اسلام آباد (نیوز ڈیسک)دفتر خارجہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کسی سیاسی جماعت نے سعودی عرب کے دفاع کی مخالفت نہیں کی ہے، سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو پاکستان بھر پور ساتھ دیگا،چین کے صدرشی جن پنگ رواں ماہ پاکستان آرہے ہیں تاہم حتمی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی ہے ،یمن کی صورت حال پر پاکستان،ترکی اور ایران کو تشویش ہے۔جمعرات کے روز ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان طے شدہ شیڈول کے مطابق ہے ،ایرانی وزیر جواد ظریف سے ہونے والی ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ پاک ایران سرحدی بارڈر پر 8 ایرانی محافظوں کا قتل افسوس ناک ہے،اس حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں اور اس حوالے سے دونوں ممالک معلومات کا تبادلہ بھی کریں گے ،ایرانی گارڈ پر حملہ کرنے والے پاکستان سے ہوئے تو سخت کارروائی کریں گے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ یمن کی صورتحال پر پاکستان ،ایران اور ترکی کو تشویش لاحق ہے جبکہ پاکستان اور ایران نے یمن کی صورت حال کو سیاسی حل پر اتفاق کیا ہے ،تسنیم اسلم نے کہا کہ سعودی مذہبی امور پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں اور ان کو پاکستانی ہم منصب نے دعوت دی ہے ۔دفتر خارجہ نے کہا کہ چین کے صدر رواں ماہ پاکستان آرہے ہیں تاہم اس حوالے سے تاریخ طے نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یمن میں پھنسے ہوئے بیشتر پاکستانیوں کو نکال لیا گیا ہے اور تمام شہری اپنے اپنے گھروں میں پہنچ گئے ہیں۔