حیدر آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ میں ہر طرف کچرا ہے، بلاول کو کوئی کام آتا ہے جو چیئرمین پی پی بن گیا ہے اور ملک کی قیادت کرنے چلا ہے، زرداری اور فریال تالپور بتائیں اور کتنا پیسہ کھائیں گے آپ کا پیٹ کب بھرے گا؟یہ باتیں انہوں نے حیدر آباد میں تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق اپنے
خطاب میں عمران خان نے کہا کہ جلسے میں شرکت کرکے حیدر آباد کے لوگوں نے میرا دل جیت لیا، سندھ کے لوگوں پر ظلم ہورہا ہے، کراچی ایئرپورٹ سے یہاں تک آتے ہوئے ملک کے کسی حصے میں اتنا کچرا و گندگی نہیں دیکھی، سندھ کے لوگوں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے، میں آج یہ سوچ کر یہاں آیا ہوں کہ سندھ کے ظالموں سے مقابلہ کرنا ہے اور عوام میرا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ جو سندھ کی بیماری ہے وہ آصف زرداری ہے، زرداری کے پاس ایک لاکھ ایکڑ زمین، 19 شوگر ملز، لندن، پیرس اور امریکا میں ہوٹل اور محل ہیں، یہ شخص سندھ کے لوگوں کا پیسہ چوری کرکے باہر لے گیا نواز شریف کی طرح، ان دونوں نے اپنے پیسے بنانے کے لیے قومی ادارے تباہ کیے۔عمران خان نے کہا کہ اگر نیب، ایف بی آر، ایف آئی اے اگر مضبوط ادارے ہوتے تو یہ دونوں پکڑے جاتے، سپریم کورٹ کی طرح دیگر عدالتیں درست کام کرتیں تو آج دونوں جیل میں ہوتے، ان دونوں نے چارٹر آف ڈیمو کریسی کے نام پر مک مکا کیا، اس مک مکا کی وجہ سے آج ہم سب سے پیچھے رہے گئے ورنہ ہم بنگلہ دیش و ہندوستان سے بہتر تھے، آج بنگلہ دیش بھی ہم سے آگے نکل گیا۔انہوں نے کہا کہ ایک تو گیا اب ہم زرداری کے پیچھے جائیں گے اور اسے بھی ہم جیل میں ڈلوائیں گے، سندھ اور پاکستان میں پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو ایسا نظام لائیں گے جہاں محنت کرنے والوں کو آگے
بڑھنے کا موقع ملے، پاکستان میں نوکریاں کیوں نہیں ہیں؟ جو لوگ ویزا لے کر باہر جارہے ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف نے بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں بلاول سے پوچھتا ہوں کہ تم میں کیا کمال ہے جو تم پی پی کے چیئرمین بن گئے؟ بلاول مجھے بتاؤ تم نے کبھی کوئی کام کیا ہے؟ تم کوئی ملک ٹھیک کرنے جارہے ہو تمہارا تجربہ کتنا ہے؟ کسی گاڑی کا انجن بھی ٹھیک کرنا ہو تو پوچھا جاتا ہے کبھی گاڑی کا انجن
کھول کر دیکھا ہے؟انہوں نے کہا کہ بلاول مجھے بتادے کہ کوئی ایک جگہ ایسی ہے جہاں تم ایک کلومیٹر پیدل چلے ہو؟ ایسے لیڈر نہیں بنتا، لیڈر جدوجہد سے بنتا ہے، بھٹو ایک بڑے لیڈر تھےاور وہ چھوٹے چھوٹے گاؤں اور قصبوں میں گئے، پاکستان میں محنت کی تھی تو مقام پایا، مجھے بتایا جائے کہ بلاول کے چیئرمین بننے کے بعد سے سندھ میں کیا کام ہوا؟عمران خان نے کہا کہ بلاول نے کبھی اپنے والد سے پوچھا کہ یہ پیسہ کہاں
سے آیا؟ اپنی پھوپھی سے پوچھا کہ سندھ میں ہی ہر نوکری کیوں بکتی ہے؟ آئی جی سندھ نے کہا کہ جو پیسے دے کر سندھ پولیس میں بڑی پوسٹ پر آتا ہے تو وہ پیسہ عوام سے ہی پورا کرے گا، فریال تالپور بتائیں سندھ حکومت کی نوکریاں بکتی ہیں تو پیسہ کس کی جیب میں جاتا ہے؟انہوں نے زرداری اور فریال تالپور سے سوال کیا کہ آپ کا پیٹ کب بھرے گا؟ کتنا پیسہ اور بنانا ہے؟ کچھ عرصے میں سب کو چھ فٹ کی قبر میں جانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں صاف پانی میسر نہیں، چھوٹ کسان بھی پانی سے محروم ہیں، پی ٹی آئی عام آدمی کے لیے غربت کم کرنے کی پالیسی بنائے گی، چار برس میں کے پی کے میں غربت آدھی کردی، سندھ میں آتے ہی عوام کو پولیس کے ظلم سے نجات دلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی پی سندھ میں نہیں لاہور میں بنی تھی، لاہور کے لوگوں نے اسے اٹھایا، این اے 120 سے پی پی تین بار جیتی ہے لیکن اب زرداری کے بعد اس حلقے
سے پی پی کو صرف 1500 ووٹ ملے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف چار دن تک روتے رہے کہ مجھے کیوں نکالا؟ پھر فوج پر تنقید کی اور پھر بیٹی نے مہم چلائی جس میں کہا کہ نکل کر عدلیہ کے خلاف ووٹ ڈالو، الیکشن والے دن کہا کہ فوج سازش کررہی ہے، اب کوئی شک نہ کرے کہ جو ڈان لیکس میں کہا گیا وہی مودی کے الفاظ تھے، کون ہے جو اس سازش میں ملوث تھا؟انہوں نے کہا کہ لندن میں دو گاڈ فادر اکٹھے ہوگئے، نواز
شریف اور الطاف حسین، اب یہ دونوں بھائی لندن سے بیٹھ کر ٹیلی فونک خطاب کریں گے جس میں فوج کو برا بھلا کہیں گے اور مودی کی تعریف کریں گے، الطاف حسین کا وقت ختم ہوگیا اور زرداری کا وقت ختم ہونے جارہا ہے۔