راولپنڈی(نیوز ڈیسک) پانچ لاکھ ڈالر سمگل کرنے کی کوشش میں گرفتارہونے والی سپر ماڈل ایان علی کی مدد کرنے والی اہم شخصیت، جو کہ ایک سابق صدر کے پی اے بھی ہیں، کا ایئرپورٹ انٹری پاس منسوخ کردیا گیا ہے۔
اخبار ”ڈان“ کے مطابق ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس کو پاس نمبر 03234 ضبط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 21 سالہ ماڈل اس پاس کی مدد سے پاکستان کے کسی بھی ایئرپورٹ میں داخل ہونے کا اختیار رکھتی تھیں۔ اخبار نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پاس کی منسوخی اہم شخصیت کی طرف سے ایان علی کی مدد کی کوشش کے شواہد سامنے آنے کے بعد کی گئی۔ جب سپر ماڈل کو بےنظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روکا گیا تو ان کے ساتھ موجود اہم شخصیت نے ایک سابقہ وفاقی وزیر کے بھائی سے رابطہ کیا جو اپنا اثر ورسوخ استعمال کرنے کے لئے ایئرپورٹ بھی پہنچے۔ بعدازاں مبینہ طور پر سابقہ وفاقی وزیر نے بھی کسٹم حکام سے رابطہ کیا اور انہیں ایان علی کی معصومیت کے متعلق قائل کرنے کی کوشش کی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاس کی منسوخی سے متعلق ملک کے تمام ایئرپورٹوں کو مطلع کردیا گیا ہے۔