اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں کچرے کو ٹھکانے لگانا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے مگر اب یہ مسئلہ، مسئلہ نہیں رہے گا، ہمسایہ ملک چین نے اس مشکل سے نمٹنے کے لئے پیشکش کر دی۔ نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق چینی کمپنی نے اسلام آباد میں کوڑے سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ لگانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اس سلسلے میں چین کی کمپنی نے پاکستان میں پلانٹ لگانے کے لئے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا۔
چینی ماہرین اس سلسلے میں چیئرمین سی ڈی اے اور اسلام آباد کے میئر شیخ انصرعزیز اور متعلقہ لوگوں سے اس سے قبل بھی مل چکے ہیں۔ پچھلے ڈیڑھ سال میں وفاق نے چین کی مختلف کمپنیوں سے کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کے معاملے پر گفت و شنید کی ہے۔ وفاقی ترقیاتی ادارے نے عوام کو یہ نوید سنائی ہے کہ چینی حکومت کوڑے سے بجلی پیدا کرنے والا پلانٹ وفاق کو تحفے میں دے گی۔ یہ پلانٹ روزانہ 1500ٹن کچرہ سے 20 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا۔