واشنگٹن(این این آئی)ایک خطرناک وائرس جو بچوں کے دماغ کو تباہ کن حد تک نقصان پہنچا سکتا ہے، حیران کن طور پر بالغ افراد میں برین کینسر کا علاج ثابت ہوسکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔واشنگٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسین اور کیلیفورنیا یونیورسٹی کی اس مشترکہ تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل آف ایکسپیرمنٹل میڈیسین میں شائع ہوئے،اب تک یہ وائرس زیکا
عالمی سطح پر علاج کی بجائے صحت کے لیے بہت بڑے خطرے کی شکل میں دیکھا جاتا ہے۔مگر اس نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ اس وائرس کو مخصوص بچوں اور بالغ افراد کے دماغ میں لگ بھگ ناقابل علاج کینسر زدہ خلیات کو ختم کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔تحقیق میں چوہوں پر کیے جانے والے تجربات کے دوران زیکا وائرس انجیکٹ کرنے سے بڑھتی ہوئی رسولیاں سکڑ گئیں جبکہ دیگر دماغی خلیات پر کوئی اثر مرتب نہیں ہوا۔ابھی اس کے انسانوں پر ٹیسٹ تو کافی عرصے تک ہوتے نظر نہیں آرہے مگر ماہرین کا ماننا ہے کہ زیکا وائرس جان لیوا رسولیوں پر قابو پانے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔زیکا سے علاج کا طریقہ کار لیبارٹری میں انسانی خلیات کے نمونوں پر کارآمد ثابت ہوا۔