اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کیا آپ جانتےہیں کہ قربانی وغیرہ کے جانوروں کی آلائشیں زمین میں کیوں دبا دی جاتی ہیں-اگر نہیں توآئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ یہ آلائشیں زمین سے باہر تو ایک سو ایک بیماریوں کا سبب بنتی ہیں لیکن اگر انہیں زمین کے اندر دفنا دیا جائے تو کچھ عرصے بعد یہ بہترین کھاد میں تبدیل ہوجاتی ہیں-شہر قائد کراچی میں گزشتہ کئی سالوں سے آلائشیں دفنائی جا رہی ہیں۔
2003سے باقاعدہ شہر کے مختلف حصوں میں آلائشیں دفنانے کے کام کا آغاز ہوا تھا۔ اس وقت کے ناظم شہر نعمت اللہ خان کے دور میں تو باقاعدہ تیار شدہ کھاد بھی دکھائی گئی لیکن اسے آج تک کبھی بھی استعمال میں نہ لایا جا سکا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ضلعی بلدیات کے محکمہ پارکس دانستہ طور پر کھاد استعمال میں نہیں لاتے ہیں ہر سال کراچی کے بلدیاتی ادارے کھاد کی خریداری کیلئے کروڑوں روپے مختص کرتے ہیں۔دوسری جانب یہ بات قابل اہمیت ہے کہ آلائشوں سے تیار کردہ کھاد کا شمار اعلی درجے کی کھاد میں ہوتا ہےاگر یہ کھاد شہر کی ہریالی میں حصہ ڈالے تو کئی مرجھائے پودے بھی کھل اٹھیں گے۔ماہرین کا بتانا ہے کہ درختوں کی نشوونما میں آلائش سے تیار شدہ کھاد سے بہتر کوئی دوسری کھاد نہیں ہے۔