اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان میں جرمنی کے سفیر نے راولپنڈی سے گوجرانوالہ تک ٹرین میں سفرکیا۔ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں ایوان صعنت و تجارت کے عہدیداروں سے خطاب میں جرمن سفیر نے کہا کہ ٹرین سفیر کرنے کا مقصد دنیا کے تمام کاروباری حضرات کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان کاروباری سرگرمیوں سمیت ہر لحاظ سے محفوظ ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرمنی اور پاکستان کے مابین پرانے اور مضبوط تجارتی تعلقات موجود ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے چیمبر اور سفارتخانے دونوں کلیدی کردار ادا کریں۔انہوں نے بتایا کہ میری پاکستان میں تعیناتی کو ابھی صرف پانچ ہفتے ہوئے ہیں اور اسلام آباد سے باہر یہ میرا پہلا دورہ ہے لہٰذا میں آپ سے سیکھنے کیلئے آیا ہوں۔ پاکستان میں نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے جرمن حکومت آپ کی مدد کرنا چاہتی ہے۔پاکستان میں بالعموم سیکیورٹی خدشات کی بنا پر سفارت کار اور غیرملکی مہمان سخت سیکیورٹی میں بلٹ پروف گاڑیوں میں سفر کرنا پسند کرتے ہیں، لیکن جرمن سفیر کے اس طرح پاکستانی ٹرین میں سفر کرنے کو بہت سراہا جارہا ہے ،عام لوگوں کا کہنا ہے کہ جرمن سفیر کے اس اقدام سے پاکستان میں غیرمحفوظ ہونے کا بین الاقوامی تاثر زائل ہوسکے گا۔