اسلام آباد (این این آئی)سابق صدرِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے دنیا بھر کے مسلمانوں خاص طور پر پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عیدِ قرباں کسی نصب العین کیلئے قربانی دینے کیلئے تیار رہنے کی علامت ہے اس لئے آئیں آج ہم عہد کریں کہ اپنی زندگیاں اعلیٰ نصب العین کے لئے بسر کریں گے۔
آصف علی زرداری نے اپنے ہم وطنوں سے کہا کہ آج کے دن ان لوگوں کو یاد رکھیں جنھوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا اور ہم ان کی وجہ سے آج عید کی خوشیاں منا رہے ہیں اور ہم ان عظیم لوگوں کا جتنا بھی شکریہ ادا کریں کم ہے، آج کے روز ہمیں ان لوگوں کو بھی نہیں بھولنا چاہئے جو غریب اور مفلوک الحال ہیں اور انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرنا چاہئے۔ سابق صدر نے دعا کی کہ عید قرباں کی رحمتیں ہم سب کے ساتھ رہیں۔