اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق عید الاضحی پر مہنگائی کے باعث بیل نہ خرید سکے۔ تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق قربانی کا جانور خریدنے کیلئے مویشی منڈی گئے لیکن جب جانوروں کی قیمتیں پوچھیں تو دنگ رہ گئے۔ سراج الحق نے مہنگائی کے باعث قربانی کا بیل لینے کی بجائے بکرے پر اکتفا کیا اور بکرا لیکر گھر واپس آ گئے۔ واضح رہے کہ امیر جماعت اسلامی قناعت پسندی کے بارے میں مشہور ہیں اور وہ فضول خرچی سے گریز کرتے ہیں۔
دوسری جانب مویشی منڈی میں نخرالے جانوروں کو دیکھنے والوں کا رش لگ گیا، ایسے جانوروں کی قیمتیں آسمان پر ہیں، بیوپاری دعویٰ کرتے ہیں کہ رواں سال قیمتیں کم نہیں ہونگی۔جانور لگے سب سے اچھا اور سب سے الگ، خریدار دیکھتے ہی پسند کرلے، اس کیلئے کرنا پڑتے ہیں خوب جتن، مویشی منڈی میں بیوپاری جانوروں کا بہت خیال رکھتے ہیں، روز صبح جانوروں کو شیمپو سے نہلایا جاتا ہے اور پھر انہیں من پسند ناشتہ دیا جاتا ہے۔شہری تو ہر خوبصورت جانور کو دیکھ کر اس پر قربان ہوجاتے ہیں لیکن ہائی فائی قیمتیں سن کر وہ ٹھنڈے پڑجاتے ہیں، مویشی منڈی کے ایڈمنسٹریٹر کو بھی جانوروں کی قیمتیں نیچے آنے کے کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے۔مویشی منڈی میں جانوروں کی تشہیر کیلئے جگہ جگہ لگائے قد آور بل بورڈز لگائے گئے ہیں جو دیکھنے والوں کو انہیں حقیقت میں دیکھنے پر مجبور کردیتے ہیں۔